| 
تازہ ترین:

پاکستان اور سعودی عرب: کلمۂ توحید سے دفاعی رفاقت تک

2 نومبر 2026ء | 22 جمادی الاول 1448ھ 0

مصنف: حافظ میاں عتیق الرحمٰن اظہری (ریسرچ اسکالر)

قوموں کے درمیان بعض رشتے سفارتی میزوں پر بنتے ہیں، بعض تجارت کی ضرورت سے جنم لیتے ہیں اور بعض مشترک دشمن یا وقتی سیاسی مفاد انہیں ایک دوسرے کے قریب لے آتے ہیں۔ ایسے تعلقات حالات بدلنے کے ساتھ بدل بھی جاتے ہیں۔ لیکن کچھ رشتوں کی جڑیں تاریخ، عقیدے، تہذیب اور مشترک احساس میں اتنی گہری اتر جاتی ہیں کہ انہیں محض خارجہ پالیسی کی ایک فائل میں بند نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان اور سعودی عرب میں حرمین کی نسبت، آزمائش کے دنوں کی رفاقت اور آٹھ دہائیوں پر محیط اسی نوعیت کا تعلق ہے۔ ایک طرف وہ سرزمین ہے جہاں مکہ مکرمہ ہے، بیت اللہ ہے، مدینہ منورہ ہے، مسجدِ نبوی ﷺ ہے اور جہاں سے توحید کا وہ پیغام اٹھا جس نے دنیا کے مختلف خطوں، نسلوں اور زبانوں کو ایک امت میں جوڑ دیا۔ دوسری طرف برصغیر کے مسلمانوں کی قائم کردہ وہ ریاست ہے جس کے قومی تشخص میں اسلام ابتدا ہی سے بنیادی حوالہ رہا ہے۔ اسی لیے اہلِ پاکستان کے لیے سعودی عرب کبھی محض تیل پیدا کرنے والا ایک عرب ملک نہیں رہا۔ اس سرزمین کے ساتھ دل کا ایک رشتہ ہے، حرمین کی ایک نسبت ہے اور کلمۂ توحید کی ایک ایسی مشترک بنیاد ہے جو دونوں قوموں کو سیاسی مفادات سے کہیں آگے جوڑتی ہے۔

23 ستمبر 1932ء سعودی عرب کی جدید تاریخ کا وہ مرحلہ تھا جب شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمٰن آل سعود رحمہ اللہ کی طویل جدوجہد کے نتیجے میں مختلف علاقوں کو متحد کرکے مملکتِ سعودی عرب کے نام سے نئی ریاستی وحدت کا اعلان ہوا، اسی مناسبت سے یہ دن سعودی بھائیوں کے لیے یادگار ہے۔ سعودی تاریخی ریکارڈ کے مطابق نئی مملکت کی شناخت ایک خودمختار عرب اسلامی ریاست کے طور پر کی گئی، جس کا دین اسلام، زبان عربی اور بنیادی دینی مرجع قرآن و سنت قرار پائے۔ اسی ریاست کا سبز پرچم آج بھی اپنے سینے پر دنیا کا سب سے عظیم پیغام لیے کھڑا ہے: لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللهِ۔ یہی وہ کلمہ ہے جو مکہ سے کراچی، مدینہ سے لاہور اور ریاض سے اسلام آباد تک مسلمانوں کے درمیان ایک ایسا رشتہ قائم کرتا ہے جسے نقشے کی سرحدیں ختم نہیں کرسکتیں۔

دوستی کا اصل امتحان مشکل وقت میں ہوتا ہے۔ بین الاقوامی تعلقات میں بیانات بہت دیے جاتے ہیں۔ وفود آتے ہیں، مشترکہ اعلامیے جاری ہوتے ہیں اور تصاویر تاریخ کا حصہ بن جاتی ہیں۔ مگر دوستی کا اصل وزن اس وقت معلوم ہوتا ہے جب کسی ملک پر آزمائش آتی ہے۔ پاک سعودی تعلق کی تاریخ میں ایسے کئی مواقع موجود ہیں۔

1965ء میں پاکستان جنگ کے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہا تھا۔ اس دور میں سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ سیاسی اور مادی تعاون کیا اور جنگ کے بعد بھی دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوتے گئے۔ شاہ فیصل بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کا پاکستان سے تعلق اسی پس منظر میں ایک خاص حیثیت اختیار کرگیا۔ بعد کے برسوں میں دفاعی تربیت، فوجی تعاون اور ادارہ جاتی روابط نے اس تعلق کو مزید وسعت دی۔ پاکستان بھی سعودی دفاعی اداروں کی تربیت اور استعداد میں طویل عرصے تک کردار ادا کرتا رہا۔ یوں یہ رشتہ ابتدا ہی سے یک طرفہ امداد کے بجائے باہمی اعتماد اور تعاون پر آگے بڑھتا رہا۔

1971ء پاکستان کی قومی تاریخ کا سب سے گہرا زخم تھا۔ مشرقی پاکستان الگ ہوا اور بنگلہ دیش کے نام سے ایک نئی ریاست وجود میں آگئی۔ پاکستان کے لیے یہ محض جغرافیائی تقسیم نہیں تھی۔ ایک پوری نسل نے اسے قومی شکست، سیاسی ناکامی اور ایک اسلامی ریاست کے دولخت ہونے کے صدمے کے طور پر محسوس کیا۔ ایسے وقت میں سعودی عرب نے پاکستان سے اپنے تعلق کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ یہاں تاریخ کی دو تاریخیں بہت کچھ کہتی ہیں۔ پاکستان نے 22 فروری 1974ء کو بنگلہ دیش کو باقاعدہ تسلیم کیا۔ امریکی سرکاری سفارتی ریکارڈ میں بھی اسی روز پاکستان کی طرف سے بنگلہ دیش کے رسمی اعتراف کا ذکر موجود ہے۔ یہ فیصلہ لاہور میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر سامنے آیا اور اس کے نتیجے میں شیخ مجیب الرحمٰن بھی لاہور پہنچے۔ لیکن سعودی عرب نے بنگلہ دیش کو اس وقت بھی فوراً تسلیم نہیں کیا۔ سعودی عرب کی طرف سے بنگلہ دیش کو باقاعدہ تسلیم کرنے کا اعلان 28 اگست 1975ء کو ہوا، یعنی پاکستان کے اپنے اعتراف کے تقریباً ڈیڑھ برس بعد۔ گویا ان کے دل میں پاکستانیوں سے بھی زیادہ پاکستانیت بھری ہوئی تھی۔ یہ تاریخی فاصلہ اپنے اندر ایک پوری داستان رکھتا ہے۔ شاہ فیصل کے عہد میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلق میں اسلامی یکجہتی کا عنصر غیر معمولی طور پر نمایاں تھا۔ فروری 1974ء میں لاہور میں منعقد ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس میں شاہ فیصل کی موجودگی نے بھی پاکستانی عوام کے دلوں میں ان کی قدر و منزلت مزید بڑھا دی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی اجتماعی یادداشت میں شاہ فیصل محض سعودی عرب کے بادشاہ کے طور پر محفوظ نہیں۔ ان کا نام پاکستان سے محبت اور مسلم دنیا کے اتحاد کی علامت بن گیا۔ لائل پور کا نام فیصل آباد ہوا، کراچی کی سب سے اہم شاہراہوں میں سے ایک شاہراہِ فیصل کہلائی اور اسلام آباد کی عظیم مسجد آج فیصل مسجد کے نام سے پوری دنیا میں پہچانی جاتی ہے۔ یہ نام محض سرکاری تختیاں نہیں۔ یہ دو قوموں کے تعلق کی یادگاریں ہیں۔

پاک سعودی تعلق کا ایک اہم باب دفاعی تعاون بھی ہے۔ 1960ء کی دہائی سے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تربیت اور دفاعی اشتراک کا جو سلسلہ شروع ہوا، وہ آنے والی دہائیوں میں زیادہ منظم ہوتا چلا گیا۔ پاکستان نے سعودی فوجی اہلکاروں کی تربیت میں کردار ادا کیا، جبکہ سعودی عرب نے پاکستان کی مختلف دفاعی ضروریات میں مالی معاونت فراہم کی۔ 1980ء کی دہائی میں پاکستان اپنی فضائی دفاعی صلاحیت مضبوط کرنے کے لیے جدید امریکی F-16 طیاروں کے حصول کی کوشش کر رہا تھا۔ اس زمانے کی امریکی خفیہ اور سرکاری دستاویزات سعودی مالی تعاون کی اہمیت کو نمایاں کرتی ہیں۔ ایک امریکی خفیہ دستاویز کے مطابق 1974ء سے 1980ء کے درمیان مشرقِ وسطیٰ کے تیل پیدا کرنے والے ممالک نے پاکستان کو تقریباً 1.6 ارب ڈالر اقتصادی امداد اور قریب 1.3 ارب ڈالر فوجی ضروریات کی فنانسنگ کے لیے فراہم کیے۔ اسی دستاویز میں سعودی عرب کی موجودہ فوجی مالی وابستگی تقریباً 550 سے 600 ملین ڈالر بتائی گئی اور واضح کیا گیا کہ اس کا بڑا حصہ F-16 طیاروں اور دوسرے امریکی فوجی سازوسامان کی 1982ء اور 1983ء کی اقساط کی ادائیگی کے لیے استعمال ہورہا تھا۔ ایک دوسری امریکی دستاویز بتاتی ہے کہ 40 F-16 طیاروں کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری کے وقت امریکی کانگریس کے سامنے یہ تصور موجود تھا کہ اس کا بڑا حصہ سعودی عرب کی طرف سے آئے گا۔ یہ ریکارڈ اس حقیقت کی نشان دہی کرتا ہے کہ جب پاکستان اپنی فضائی دفاعی قوت بڑھانے کی کوشش کررہا تھا تو سعودی تعاون محض خیرسگالی کے جملوں تک محدود نہیں تھا۔ ورنہ ہمارے بعض ناشکروں کی طرح وہ بھی خالی خولی بیانات دے کر پتلی گلی سے نکل سکتے تھے، لیکن انہوں نے ٹھوس حمایت اور حقیقی تعاون کے ذریعے اپنے برادرانہ جذبات کا اظہار کرنا مناسب سمجھا۔

مئی 1998ء میں بھارت کے ایٹمی تجربات کے بعد پاکستان نے چاغی میں اپنے جوہری تجربات کیے۔ پاکستان ایک باقاعدہ ایٹمی قوت کے طور پر سامنے آیا، لیکن اس فیصلے کی اقتصادی قیمت بھی فوراً سامنے آگئی۔ بین الاقوامی پابندیاں لگیں، غیر ملکی سرمایہ اور قرضوں کے راستے تنگ ہوئے، زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بڑھا اور پاکستان کو درآمدی بل، بالخصوص تیل، کی ادائیگی میں مشکل کا سامنا ہوا۔ یہ وہ وقت تھا جب سعودی عرب دوبارہ پاکستان کے کام آیا۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق 1998ء اور 1999ء کے دوران سعودی عرب نے پاکستان کو تقریباً دو ارب ڈالر مالیت کا تیل مؤخر ادائیگی پر فراہم کیا۔ یومیہ مقدار تقریباً 50 ہزار بیرل تک تھی۔ بعد میں اس واجب الادا رقم کا ایک بڑا حصہ گرانٹ میں تبدیل کردیا گیا اور یہ خصوصی سہولت بعد کے برسوں میں بھی کسی نہ کسی شکل میں جاری رہی۔ رقم اپنی جگہ اہم تھی، لیکن اس مدد کی اصل قدر اس کے وقت میں تھی۔ دنیا میں خوش حالی کے زمانے کے دوست بہت ہوتے ہیں۔ اصل دوست وہ ہوتا ہے جو اس وقت دروازے پر کھڑا ہو جب دوسرے دروازے بند ہورہے ہوں۔ 1998ء کے بعد پاکستان کے لیے سعودی تعاون کی اہمیت اسی تناظر میں سمجھی جاسکتی ہے۔

پاک سعودی تعلق کو صرف حکمرانوں کے دوروں اور دفاعی معاہدوں میں تلاش کرنا بھی اس کی پوری تصویر نہیں ہے۔ یہ صرف ریاستوں کا نہیں، قوموں کا تعلق ہے۔ کئی دہائیوں سے لاکھوں پاکستانی سعودی عرب میں روزگار سے وابستہ ہیں۔ ڈاکٹروں سے انجینئروں تک، اساتذہ سے ہنرمندوں تک، تعمیراتی کارکنوں سے کاروباری افراد تک، پاکستانیوں نے سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ اسی کے ساتھ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کا ایک مستقل ذریعہ رہی ہیں۔ لاکھوں پاکستانی خاندانوں کے گھروں کا معاشی نظام اس تعلق سے براہِ راست وابستہ ہے۔ اس لیے یہ رشتہ محض یہ سوال نہیں کہ سعودی عرب نے پاکستان کو کیا دیا۔ پاکستان نے بھی سعودی دفاع، تعمیر، طب، انجینئرنگ، تعلیم اور افرادی قوت میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ یہ باہمی ضرورت وقت کے ساتھ باہمی اعتماد میں ڈھلتی گئی۔

تاہم پاک سعودی تعلق کے تمام سیاسی، عسکری اور معاشی پہلوؤں سے اوپر ایک نسبت ایسی ہے جس کا کوئی بدل نہیں۔ وہ حرمین شریفین کی نسبت ہے۔ اللہ تعالیٰ مکہ مکرمہ کے بارے میں فرماتے ہیں:

﴿إِنَّ أَوَّلَ بَيْتٍ وُضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِي بِبَكَّةَ مُبَارَكًا وَهُدًى لِّلْعَالَمِينَ ۝ فِيهِ آيَاتٌ بَيِّنَاتٌ مَّقَامُ إِبْرَاهِيمَ وَمَن دَخَلَهُ كَانَ آمِنًا﴾

’’بے شک سب سے پہلا گھر جو لوگوں کے لیے مقرر کیا گیا وہی ہے جو مکہ میں ہے، بابرکت ہے اور تمام جہان والوں کے لیے ہدایت ہے۔ اس میں واضح نشانیاں ہیں، مقامِ ابراہیم ہے، اور جو اس میں داخل ہوا امن والا ہوگیا۔‘‘ (آل عمران: 96۔97)
اور رسول اللہ ﷺ نے مکہ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: وَاللهِ إِنَّكِ لَخَيْرُ أَرْضِ اللهِ، وَأَحَبُّ أَرْضِ اللهِ إِلَى اللهِ۔ ’’اللہ کی قسم! تو اللہ کی بہترین زمین اور اللہ کو سب سے محبوب زمین ہے۔‘‘ (جامع الترمذی: 3925)
مدینہ منورہ کے بارے میں آپ ﷺ نے دعا فرمائی: اللَّهُمَّ حَبِّبْ إِلَيْنَا الْمَدِينَةَ كَحُبِّنَا مَكَّةَ أَوْ أَشَدَّ۔ ’’اے اللہ! مدینہ کو ہمارے لیے ایسا محبوب بنا دے جیسے مکہ محبوب ہے، بلکہ اس سے بھی زیادہ۔‘‘ (صحیح البخاری: 1889)
جس ریاست کے دامن میں یہ دونوں مقدس شہر ہوں، اس کے امن سے پوری امت کا تعلق پیدا ہوجاتا ہے۔ اسی لیے حرمین کی حفاظت کو محض سعودی عرب کی داخلی سلامتی کے ایک مسئلے تک محدود کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔ حاجی پاکستان سے آئے یا انڈونیشیا سے، افریقہ سے آئے یا ترکیہ سے، بیت اللہ سب کا قبلہ ہے اور مسجدِ نبوی ﷺ سب کے دلوں کی منزل۔

آج سے ایک صدی پہلے حج کا سفر اور مناسک کی ادائیگی کس قدر دشوار تھی، اس کا اندازہ پرانے سفرناموں سے کیا جاسکتا ہے۔ آج دنیا کے دور دراز حصوں سے لاکھوں مسلمان مکہ و مدینہ پہنچتے ہیں۔ مسجدِ حرام اور مسجدِ نبوی کی وسیع توسیعات، سڑکیں، سرنگیں، ٹرانسپورٹ، طبی مراکز، آب رسانی، صفائی، سکیورٹی اور حج انتظامات ایک بہت بڑے انتظامی ڈھانچے کا حصہ ہیں۔ یہ کہنا مبالغہ نہیں کہ حرمین شریفین کی جدید تاریخ میں سعودی ریاست نے غیر معمولی وسائل صرف کیے ہیں۔ گزشتہ ایک صدی میں حرمین شریفین کی خدمت کے لیے جس پیمانے پر وسائل صرف ہوئے، وہ جدید اسلامی تاریخ کا ایک نمایاں باب ہے۔ مسجدِ حرام اور مسجدِ نبوی کی مسلسل توسیعات، لاکھوں زائرین کے لیے نقل و حمل، طبی خدمات، صفائی، پانی، سکیورٹی اور حج انتظامات کا وسیع نظام ہر سال دنیا کے سامنے ہوتا ہے۔ اسی طرح مدینہ منورہ میں مجمع الملک فہد لطباعۃ المصحف الشریف نے قرآن کریم کی طباعت، تراجم اور عالمی تقسیم میں غیر معمولی کردار ادا کیا۔ سعودی جامعات، خصوصاً جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ اور جامعہ ام القریٰ نے دنیا بھر سے آنے والے طلبہ کو دینی تعلیم کے مواقع فراہم کیے۔ پاکستان کے اہلِ حدیث علماء اور دعاۃ کی ایک قابلِ ذکر تعداد بھی انہی علمی اداروں سے فیض یاب ہوئی۔ یوں پاک سعودی تعلق کے اندر ایک دینی اور علمی رشتہ بھی مسلسل کام کرتا رہا جسے محض ڈالر، ریال اور تجارتی حجم کے اعداد سے ناپا نہیں جاسکتا۔

یہ تاریخی تعلق اب ایک نئے ادارہ جاتی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ 17 ستمبر 2025ء کو پاکستان اور سعودی عرب نے Strategic Mutual Defense Agreement پر دستخط کیے۔ سرکاری مشترکہ بیان کے مطابق معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون اور مشترکہ بازدارندگی کو مضبوط بنانا ہے اور کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ یہ سفر وہیں نہیں رکا۔ 7 اگست 2026ء کو مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان Makkah Joint Defence Agreement پر دستخط ہوئے۔ اس معاہدے کے تحت کسی ایک شریک ریاست پر مسلح حملے کو تینوں پر حملہ تصور کرنے اور دفاعی تعاون کو مزید وسیع کرنے کا اصول طے کیا گیا۔ بعد ازاں 31 اگست 2026ء کو اس معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس استنبول میں منعقد ہوا۔ اگر اس پورے سفر کو ایک نگاہ میں دیکھا جائے تو ایک غیر معمولی تاریخی تسلسل سامنے آتا ہے۔

1965ء کی جنگ کے دنوں کی قربت، 1971ء کے بعد کا سفارتی رویہ، پاکستان کا فروری 1974ء میں بنگلہ دیش کو تسلیم کرنا اور سعودی عرب کا اگست 1975ء تک انتظار، پاکستان کی دفاعی ضروریات کے لیے سعودی مالی تعاون، F-16 پروگرام، 1998ء کے بعد تیل کی سہولت، لاکھوں پاکستانیوں کے لیے روزگار اور پھر جدید دفاعی معاہدے۔ یہ واقعات کسی ایک حکومت کے دور میں نہیں ہوئے۔ پاکستان میں فوجی اور جمہوری حکومتیں آتی رہیں۔ سعودی عرب میں کئی بادشاہ گزرے۔ عالمی سیاست بدلتی رہی۔ سرد جنگ ختم ہوئی۔ مشرقِ وسطیٰ میں نئی صف بندیاں وجود میں آئیں۔ مگر پاک سعودی تعلق کا بنیادی دھارا قائم رہا۔ یہی اس تعلق کی اصل قوت ہے۔ تاریخ کو پورا پڑھا جائے تو پاک سعودی تعلق کی تصویر واضح ہے۔ اس میں مفاد ہے، کیونکہ ریاستیں اپنے مفادات سے بے نیاز نہیں ہوتیں۔ اس میں دفاع ہے، کیونکہ دونوں ملکوں کی سلامتی کے تقاضے موجود ہیں۔ اس میں معیشت ہے، کیونکہ تجارت، تیل، سرمایہ کاری اور ترسیلاتِ زر دونوں کو جوڑتی ہیں۔ لیکن اس میں ان سب سے بڑھ کر ایک ایسا جذباتی اور دینی سرمایہ بھی موجود ہے جو کسی دوسرے دوطرفہ تعلق میں اسی صورت میں نہیں ملتا۔ وہ مکہ کی نسبت ہے۔ وہ مدینہ کی محبت ہے۔ وہ کلمۂ توحید کا رشتہ ہے۔ اور وہ تقریباً آٹھ دہائیوں کا تجربہ ہے جس میں دونوں ملکوں نے بارہا مشکل وقت میں ایک دوسرے کو قریب پایا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ رشتہ نہ محض ماضی کی ایک خوب صورت یاد ہے اور نہ صرف موجودہ سیاسی ضرورت۔ یہ ایک زندہ تعلق ہے، جو تاریخ سے قوت لیتا ہے، مشترک عقیدے سے حرارت پاتا ہے اور نئے دور میں دفاعی، معاشی اور عوامی تعاون کی نئی شکلیں اختیار کررہا ہے۔

اللہ تعالیٰ حرمین شریفین کو قیامت تک امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے، مملکتِ سعودی عرب کو خدمتِ حرمین، عدل اور خیر کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلق کو دونوں قوموں اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے نفع اور خیر کا ذریعہ بنائے، اور عالمِ اسلام کو جنگ، انتشار، فتنوں اور باہمی خونریزی سے محفوظ رکھے۔ آمین یا رب العالمین۔

مراجع و مصادر

  1. سورۃ آل عمران: 96۔97
  2. جامع الترمذی، حدیث: 3925
  3. صحیح البخاری، حدیث: 1889
  4. سعودی تاریخی ریکارڈ (اعلانِ مملکت، 23 ستمبر 1932ء)
  5. امریکی سرکاری سفارتی ریکارڈ (پاکستان کا بنگلہ دیش کو تسلیم کرنا، 22 فروری 1974ء)
  6. امریکی خفیہ دستاویزات (پاکستان کے لیے سعودی فوجی مالی تعاون اور F-16 فنانسنگ)
  7. پاکستان سعودی عرب مشترکہ بیان، اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ (17 ستمبر 2025ء)
  8. مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ، پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ (7 اگست 2026ء)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

متعلقہ جوابات

فرعون، کیچڑ اور آخری لمحہ: کیا موت کے وقت کی توبہ قبول ہوتی ہے؟

سوشل میڈیا پر لکھی جانے والی تحریریں اور تجزیات

ایک سو بیس سال کا سفر: آرہ سے مینارِ پاکستان تک

رسالہ میں شائع شدہ مضامین میاں مفتی صاحب

جب گھر سے جنازہ اٹھے: میت کی تدفین کے بعد کے احکام (قسط: 2)

رسالہ میں شائع شدہ مضامین میاں مفتی صاحب

تبصرے اور سوالات

ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ پہلا تبصرہ کریں!

© 2026 الرحمٰن مفتی پورٹل اینڈ ڈیجیٹل اسلامک سنٹر · جملہ حقوق محفوظ ہیں۔