دار الافتاء و تحقیق
الرحمٰن ڈیجیٹل اسلامک سنٹر
www.marahmaninstitute.com | marahman1988@gmail.com
فرعون، کیچڑ اور آخری لمحہ: کیا موت کے وقت کی توبہ قبول ہوتی ہے؟
مصنف: حافظ میاں مفتی عتیق الرحمن اظہری
فرعون، کیچڑ اور آخری لمحہ
مجھے ایک وائس میسج ملا۔ آواز ایک نوجوان لڑکی کی تھی، یونیورسٹی کی طالبہ کی۔ لہجے میں بے چینی تھی، اور وہ بے چینی جو صرف سوچنے والوں کے حصے میں آتی ہے۔ اس نے بتایا کہ ایک سوال تین چار دن سے اس کا پیچھا کر رہا ہے۔ وہ یہ سوال یونیورسٹی آنے والے علماء سے بھی پوچھ چکی ہے، جواب بھی ملے، مگر تسلی نہیں ملی۔سوال یہ تھا: فرعون ڈوب رہا تھا اور حضرت جبریلؑ اس کے منہ میں کیچڑ ٹھونس رہے تھے، تاکہ وہ توبہ نہ کر سکے اور اللہ کی رحمت اسے نہ پا لے۔ لیکن پتا بھی اللہ کی مرضی کے بغیر نہیں ہلتا، تو کیا اللہ فرعون کو معاف ہی نہیں کرنا چاہتا تھا؟ اور اگر قرآن خود کہتا ہے کہ اس کی آخری لمحے کی توبہ قبول نہیں ہوئی، تو جبریلؑ کو ڈر کس بات کا تھا؟پھر اس نے ایک جملہ کہا جو میرے ذہن میں اٹک گیا۔کیا میرا perspective غلط ہے، یا مجھے سمجھ نہیں آ رہی؟میں نے وائس میسج دو بار سنا اور سوچا، یہ سوال اس بچی کا نہیں، ہماری پوری نسل کا ہے۔ ہماری نئی نسل دین سے بھاگ نہیں رہی، دین کو سمجھنا چاہتی ہے۔ وہ بس مان لو سے مطمئن نہیں ہوتی، وہ کیوں پوچھتی ہے۔ اور کیوں پوچھنا گناہ نہیں۔ قرآن خود بار بار کہتا ہے اَفَلَا تَعْقِلُوْن ، تم عقل کیوں نہیں چلاتے؟چنانچہ آئیے، آج اس سوال کو کھولتے ہیں۔
پہلی بات: یہ روایت کوئی قصہ کہانی نہیں۔ یہ حضرت ابن عباسؓ سے مروی ہے اور جامع ترمذی میں موجود ہے۔ امام ترمذیؒ نے اسے حسن صحیح کہا ہے۔ مسند احمد اور مستدرک حاکم میں بھی آئی ہے۔ جبریلؑ نے نبی ﷺ سے کہا تھا: کاش آپ مجھے دیکھتے جب میں سمندر کی کالی مٹی فرعون کے منہ میں ٹھونس رہا تھا، اس ڈر سے کہ کہیں رحمت اسے نہ پا لے۔ یعنی روایت سچی ہے۔ مسئلہ روایت میں نہیں، اسے سمجھنے میں ہے۔ اور سمجھنے کی کنجی اسی سورت میں رکھی ہے، بس دو آیات پیچھے۔
آپ سورہ یونس کھولیے اور آیت 88 پڑھیے۔ حضرت موسیٰؑ ہاتھ اٹھاتے ہیں اور اللہ سے عرض کرتے ہیں: یا اللہ! یہ لوگ اس وقت تک ایمان نہ لائیں جب تک دردناک عذاب نہ دیکھ لیں۔ اب آیت 89 دیکھیے۔ اللہ فرماتا ہے: تمہاری دعا قبول ہو گئی۔
آپ اب timeline دیکھیے۔ دعا ہوئی، دعا قبول ہوئی، فرعون سمندر میں اترا، پانی نے اسے گھیرا، اور وہ عین اس لمحے ایمان لایا جب عذاب اس کی آنکھوں کے سامنے تھا۔ یہ وہی لمحہ تھا جس کی دعا موسیٰؑ نے کی تھی۔ جبریلؑ کوئی independent فیصلہ نہیں کر رہے تھے۔ وہ اس فیصلے کی آخری کڑی تھے جو پہلے ہی آسمان پر ہو چکا تھا۔
قرآن فرشتوں کے بارے میں صاف کہتا ہے: وہ اللہ کی نافرمانی نہیں کرتے اور وہی کرتے ہیں جس کا انہیں حکم دیا جاتا ہے (التحریم: 6)۔ فرشتوں کے پاس free will نہیں ہوتی۔ چنانچہ وہ بچی ٹھیک کہہ رہی تھی کہ یہ اللہ کی مرضی کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا۔ بالکل نہیں ہو سکتا تھا۔ اور یہی اس سوال کا جواب ہے، اعتراض نہیں۔
لیکن یہاں ایک اور سوال کھڑا ہوتا ہے۔ کیا اللہ نے فرعون پر بلا وجہ دروازہ بند کر دیا؟
میں اس کا جواب ایک مثال سے دیتا ہوں۔ آپ کسی یونیورسٹی میں چلے جائیے۔ اس کے system میں fail ہونے کا option موجود ہوتا ہے۔ ہر سال کچھ طالب علم fail بھی ہوتے ہیں۔ لیکن کیا کوئی پروفیسر چاہتا ہے کہ اس کا student fail ہو؟ نہیں۔ student اپنی وجہ سے fail ہوتا ہے، اس نے پڑھا نہیں، کلاسیں چھوڑیں، assignment نہیں دی۔ system نے اسے fail ہونے دیا، مگر fail اس نے خود کو کیا۔
ہمارے علماء اسے permission اور approval کا فرق کہتے ہیں۔ دنیا میں جو کچھ ہوتا ہے، اللہ کی اجازت سے ہوتا ہے، کفر بھی۔ لیکن اللہ کو پسند صرف ایمان ہے۔ اجازت دینا اور پسند کرنا دو الگ چیزیں ہیں۔اور فرعون کوئی معصوم یا لاعلم انسان نہیں تھا۔ آپ قرآن کی گواہی دیکھیے: انہوں نے نشانیوں کا انکار کیا، حالانکہ ان کے دل ان پر یقین کر چکے تھے، محض ظلم اور تکبر کی وجہ سے (النمل: 14)۔ وہ اندر سے جانتا تھا۔ اس نے نو کھلے معجزے دیکھے۔ لاٹھی سانپ بنتی دیکھی، ہاتھ چمکتا دیکھا، دریا پھٹتا دیکھا۔ اس کے باوجود وہ دربار میں کھڑا ہو کر کہتا رہا: میں تمہارا سب سے بڑا رب ہوں۔ اس نے بنی اسرائیل کے نومولود بچے ذبح کروائے۔ ایک نہیں، دو نہیں، ہزاروں۔قرآن کا اصول ہے: جب وہ خود ٹیڑھے ہوئے تو اللہ نے ان کے دل ٹیڑھے کر دیے (الصف: 5)۔ پہلا قدم ہمیشہ بندہ اٹھاتا ہے، اور اللہ کا فیصلہ اس کا جواب ہوتا ہے۔
اب آتے ہیں اس سوال کی طرف جو اس بچی کا سب سے مضبوط argument تھا: جب توبہ قبول ہونی ہی نہیں تھی تو جبریلؑ کو ڈر کیوں تھا؟میں جب اس سوال پر غور کرتا ہوں تو مجھے اس میں ایک خوب صورت راز چھپا نظر آتا ہے۔فرشتے غیب نہیں جانتے۔ وہ خود اللہ کے سامنے اقرار کرتے ہیں: ہمیں صرف اتنا علم ہے جتنا تو نے سکھایا (البقرہ: 32)۔ آیت میں اللہ کا final verdict ہے، اور روایت میں جبریلؑ کی اس لمحے کی کیفیت۔ ایک فیصلہ ہے اور دوسری کیفیت، اور دونوں میں کوئی ٹکراؤ نہیں۔لیکن اصل نکتہ اس سے آگے ہے۔ آپ ذرا سوچیے، جبریلؑ کس سے ڈر رہے تھے؟ اللہ کی رحمت سے۔ جبریلؑ اللہ کو کائنات میں شاید سب سے زیادہ جاننے والی مخلوق ہیں۔ وہ جانتے تھے کہ اللہ پر کوئی چیز لازم نہیں، وہ کسی کو جواب دہ نہیں، اور نبی ﷺ کے فرمان کے مطابق اس کی رحمت اس کے غضب پر غالب ہے (بخاری)۔ تفسیر ابن کثیر میں ایک روایت کے الفاظ ہیں کہ جبریلؑ کو ڈر تھا کہ کہیں اللہ کی رحمت اس کے غضب سے آگے نہ نکل جائے ۔یعنی اللہ کی رحمت اتنی بڑی ہے کہ اس کا سب سے قریبی فرشتہ بھی ڈر رہا تھا کہ کہیں یہ رحمت اس انسان کو بھی نہ ڈھانپ لے جس نے ہزاروں بچوں کو ذبح کروایا تھا۔ وہ بچی سمجھ رہی تھی کہ یہ روایت اللہ کی رحمت کو محدود کرتی ہے۔ حقیقت میں یہ اس رحمت کے لامحدود ہونے کی سب سے بڑی گواہی ہے۔اور ایک بات اور: جبریلؑ نے کسی سچے ایمان کا راستہ نہیں روکا۔ فرعون اس وقت point of no return سے گزر چکا تھا۔ اس حالت کا ایمان شرعاً ایمان ہی نہیں تھا۔
اب سوال یہ ہے کہ آخری لمحے کا ایمان قبول کیوں نہیں ہوتا؟ کیا یہ سختی ہے؟
نہیں، یہ logic ہے۔ میں ایک مثال دیتا ہوں۔ آپ امتحان ہال میں بیٹھے ہیں اور examiner آپ کے سامنے answer key رکھ دیتا ہے۔ آپ اسے دیکھ کر پورا paper حل کر دیتے ہیں۔ کیا آپ کو marks ملیں گے؟ نہیں ملیں گے۔ اس لیے نہیں کہ examiner ظالم ہے، بلکہ اس لیے کہ اب وہ امتحان رہا ہی نہیں۔یہ دنیا بھی ایک امتحان گاہ ہے، اور اس امتحان کا نام ہے بن دیکھے ایمان۔ جب تک جنت، جہنم، فرشتے اور عذاب پردے میں ہیں، ایمان لانا آپ کی choice ہے۔ لیکن جس لمحے پردہ ہٹ جاتا ہے اور موت کا فرشتہ سامنے آ جاتا ہے، ایمان choice نہیں رہتا، compulsion بن جاتا ہے۔ اور مجبوری کا ایمان امتحان میں شمار نہیں ہوتا۔قرآن اسے کوئی خاص سزا نہیں، سنت اللہ یعنی اللہ کا قانون کہتا ہے: جب انہوں نے ہمارا عذاب دیکھ لیا تو ان کا ایمان ان کے کام نہ آیا، یہ اللہ کا قانون ہے (غافر: 85)۔ اور نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ بندے کی توبہ اس وقت تک قبول کرتا ہے جب تک روح حلق تک نہ پہنچے (ترمذی)۔
اور اب آخری سوال، جو اس بچی نے اپنے بارے میں پوچھا تھا: جس نے ساری زندگی گناہ میں گزاری، اسے آخری لمحے میں رحمت کی امید نہیں رکھنی چاہیے، کیا میرا perspective غلط ہے؟
میرا جواب ہے: آپ آدھی درست ہیں۔درست حصہ یہ ہے کہ انسان جیسا جیتا ہے، عموماً ویسا ہی مرتا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اعمال کا دار و مدار خاتمے پر ہے (بخاری)، اور ہر بندہ اسی حال پر اٹھایا جائے گا جس پر مرا (مسلم)۔ خاتمہ اچانک نہیں بنتا، اسے ہم زندگی بھر روز تھوڑا تھوڑا لکھتے ہیں۔ لیکن آدھے حصے میں correction ضروری ہے، اور یہ correction بہت بڑی ہے۔ زندگی میں، جب تک سانس حلق تک نہیں آتی، دروازہ کھلا ہے۔ ہر ایک کے لیے کھلا ہے، چاہے کسی نے ساری عمر گناہ کیے ہوں، چاہے شرک کیا ہو۔ قرآن کی شاید سب سے زیادہ امید دلانے والی آیت یہی ہے: اے میرے بندو جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے! اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو، اللہ سارے گناہ معاف کر دیتا ہے (الزمر: 53)۔ سو قتل کرنے والے کی توبہ قبول ہوئی (بخاری، مسلم)۔ قرآن کہتا ہے کہ سچی توبہ کرنے والوں کی برائیاں نیکیوں میں بدل دی جاتی ہیں (الفرقان: 70)۔
اور فرعون اور ایک گنہگار مسلمان کو ایک ترازو میں مت تولیے۔ فرعون کافر تھا اور خدائی کا دعوے دار تھا۔ جو مسلمان ایمان پر مرتا ہے، چاہے گنہگار ہو، اس کے بارے میں اللہ فرماتا ہے: اللہ شرک کو معاف نہیں کرتا، اس کے علاوہ جسے چاہے معاف کر دے (النساء: 48)۔اصل خطرہ یہ نہیں کہ اللہ توبہ قبول نہیں کرے گا۔ اصل خطرہ یہ ہے کہ ہم توبہ کر ہی نہیں پائیں گے۔ جو دل ساری عمر غفلت کا عادی رہا ہو، آخری لمحے میں اسے توبہ کی توفیق ہی نہیں ملتی۔ یہ habit کی طاقت ہے۔ دروازہ بند نہیں ہوتا، ہمارے قدم اس کی طرف اٹھتے ہی نہیں۔اس لیے صحیح جملہ یہ نہیں کہ گنہگار کو امید نہیں رکھنی چاہیے ۔ صحیح جملہ یہ ہے: توبہ کو کل پر مت ٹالیے، کیونکہ آخری لمحے کی توبہ قبول نہیں ہوتی۔ میں یہ کالم ایک واقعے پر ختم کرنا چاہتا ہوں۔ نبی ﷺ ایک نوجوان کے پاس تشریف لے گئے جو موت کے قریب تھا۔ آپ ﷺ نے پوچھا: خود کو کیسا پاتے ہو؟ اس نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ سے امید رکھتا ہوں اور اپنے گناہوں سے ڈرتا ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ایسے وقت جس دل میں یہ دونوں جمع ہو جائیں، اللہ اسے وہ دے دیتا ہے جس کی وہ امید رکھتا ہے، اور اس سے بچا لیتا ہے جس سے وہ ڈرتا ہے (ترمذی)۔
ہمارے بزرگ کہتے تھے کہ مومن کے دو پر ہوتے ہیں، خوف اور امید۔ صرف امید ہو تو انسان بے خوف ہو جاتا ہے، اور صرف خوف ہو تو مایوس۔ پرندہ ایک پر سے نہیں اڑتا۔فرعون کے پاس آخری لمحے میں امید تھی مگر وقت نہیں تھا۔ ہمارے پاس ابھی وقت ہے۔ سوال صرف یہ ہے کہ ہم اسے کب استعمال کریں گے۔
حافظ میاں مفتی عتیق الرحمن اظہری
مراجع و مصادر
- القرآن الکریم: سورہ یونس 88 تا 91؛ التحریم 6؛ النمل 14؛ الاسراء 101؛ النازعات 24؛ القصص 4؛ الصف 5؛ البقرہ 32؛ غافر 84، 85؛ النساء 18، 48؛ الزمر 53؛ الفرقان 70
- جامع ترمذی، ابواب تفسیر القرآن، سورۃ یونس، حدیث 3107، 3108
- مسند احمد بن حنبل، حدیث 2203
- المستدرک علی الصحیحین للحاکم، کتاب الایمان (مع تلخیص الذہبی)
- تفسیر ابن کثیر، سورہ یونس، آیت 91 کے تحت
- صحیح بخاری، حدیث 7404، 6607، 3470
- صحیح مسلم، حدیث 2878، 2766، 2751
- جامع ترمذی، حدیث 3537، 983
- سنن ابن ماجہ، حدیث 4253، 4261